اتر پردیش: 16 سالہ دلت لڑکی کی اجتماعی آبروریزی، ہسپتال میں دم توڑ دیا
'بی جے پی'' سمیت دیگر ہندو توا تنظیمیں اقلیتی برادریوں کے خلاف فرقہ وارانہ نفرت کو مسلسل فروغ دے رہی ہیں
لکھنو: بی جے پی کی زیر اقتدار ریاست اتر پردیش میں ایک 16 سالہ دلت لڑکی کو اجتماعی آبرو ریزی کا نشانہ بنایا گیا۔ لڑکی بعد آزاں ہسپتال میں تقریبا ایک ہفتے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، فیروز آباد ضلع کی رہائشی اس کم سن لڑکی کو یکم نومبر کو تین افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، گلا دبایا اور اس پر وحشیانہ تشدد کیا۔ وہ آگرہ کے ایک ہسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
لڑکی کو ایک کھیت سے نیم بے ہوشی کی حالت میں برآمد کیا گیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس کی گردن ٹوٹی ہوئی تھی، جبڑا کچلا ہوا تھا اور جسم کے مختلف حصوں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن اس کی حالت انتہائی تشویشناک رہی اور وہ اپنی موت سے قبل اپنا بیان ریکارڈ نہ کروا سکی۔
پولیس کا کہنا ہے ملزمان میں سے ایک کئی ماہ سے لڑکی کو جانتا تھا، وہ اسے بہلا پھسلا کر قریبی کھیت میں لے گیا۔ جب لڑکی نے ان کی جانب سے کی جانے والی مبینہ جنسی زیادتی کی مزاحمت کی، تو ان تینوں افراد نے مبینہ طور پر اس کا گلا گھونٹا اور اس کا جبڑا اور جسم کی ہڈیاں کچل دیں، اور پھر اسے مردہ سمجھ کر وہیں چھوڑ دیا۔
اس ایک اور اندوہناک واقعے نے بھارت میں خواتین اور کمزور طبقات خاس طور پر دلتوں، مسلمانوں اور عیسائیوں کی حفاظت، وقار اور تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر شدید خدشات کو جنم دیا ہے۔بی جے پی کی زیرِ قیادت حکومت میں، مذہبی اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے خلاف تشدد، امتیازی سلوک اور ظلم و ستم کے واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں۔ہندوتوا انتہا پسند تنظیمیں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ، وشو ہندو پریشد ، بجرنگ دل اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی برادریوں خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ نفرت اور دشمنی کو فروغ دے رہی ہیں۔








