بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کو اجاگر کرنیوالی صحافی رعنا ایوب کو ‘دی فلورا لیویز ایوارڈ’سے نوازا گیا
نئی دلی 22اپریل (کے ایم ایس)
بھارت کی مشہور صحافی اور واشنگٹن پوسٹ کی نامہ نگار رعنا ایوب کو بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے پرامریکہ میں ‘دی فلورا لیویز ایوارڈ’ سے نوازا گیاہے۔
مشہور صحافی اور گجرات فائلز نامی کتاب کی مصنفہ رعنا ایوب کو امریکہ میں ‘دی فلورا لیویز ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے پر انہیں اوورسیز پریس کلب آف امریکہ میں منعقد ہ ایک تقریب میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس موقع پر رعنا ایوب نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہاکہ وہ واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ ہیں اورانہیں خوشی ہے کہ انہیں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔انہوں نے شرکاء کو مودی حکومت کی طرف سے انہیں اپنے بیرون ملک کے دورے پر جانے سے روکنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یہاں آنے کے لئے عدالت سے اجازت لینی پڑی ۔رعنا ایوب نے کہا کہ وہ بھارت میں صحافیوں کوہراساں کئے جانے کے خلاف آواز بلند کرتی ہیں اور یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ بھارت کی صورتحال کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔تقریب میں دنیا بھر سے ممتاز صحافیوں نے شرکت کی ۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام نے رعنا ایوب کو30مارچ کو ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیاتھا ۔انہیں امیگریشن حکام نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کے ایک مقدمے کے سلسلے میںبھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ان کے خلاف جاری نوٹس کی وجہ سے بیرون ملک جانے سے روکاتھا ۔ انہوںنے بیرون ملک سفر کی اجازت کیلئے یکم اپریل کو دلی ہائی کورٹ میں ایک عرضداشت دائر کی ہے اور ہائی کورٹ نے 4اپریل کو رعنا ایوب کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی ۔