مودی حکومت ” سب اچھا ہے“کا تاثر دینے کے لئے صحافیوں کو گرفتار کر رہی ہے: محبوبہ مفتی
سرینگر 08 فروری (ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہورت دم توڑ چکی ہے اور حکمران کسی کو اپنے دل کی بات کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری صحافیوں کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ انتظامیہ چاہتی ہے کہ وادی کشمیر میں کوئی سچ نہ بولے۔انہوں نے کہاکہ فہد شاہ کو گرفتار کیا گیا۔ اس سے پہلے سجاد گل کو گرفتار کیا گیا اور اب میں سن رہی ہوں کہ مزید صحافیوں کو طلب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کسی کوبات کرنے کی اجازت نہیں ہے،ہمارے ضلع گاندربل کے صدر کوحد بندی کمیشن کے خلاف بات کرنے پر گرفتار کیا گیا۔انہیں پولیس سٹیشن لے جایا گیا اور کسی نہ کسی طرح ہم نے انہیں رہا کروایا۔ ایک سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ حجاب کا تنازعہ مسلمان بچیوں کو تعلیم سے دور رکھنے کی کوشش اور سازش کے سوا کچھ نہیں ہے۔محبوبہ مفتی نے صحافیوں کو بتایا کہ بی جے پی کی حکو مت جموں و کشمیر میں بیانیے کو تبدیل کرناچاہتی ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ سب اچھا ہے۔