نسل پرست بھارتی حکومت کے ہاتھ بیگناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ، نعیم خان
سرینگر 16 فروری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے کشمیر کے حوالے سے مودی حکومت کی جارحانہ پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے بااثر عالمی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا موثر نوٹس لیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی نسل پرست حکومت کے ہاتھ بیگناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور وہ اختلاف رائے کی ہر آواز کو قتل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کہ اختلاف رائے کو بے رحمی سے دبانا، معصوم شہریوں کا قتل عام اور سول سوسائٹی، حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی پکڑ دھکڑ نسل پرست حکومت کے جبرو استبداد کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، ہراساں کرنا ،لوگوں کی تذلیل، بلا جواز گرفتاریاں اور انسانی حقوق کے محافظوں پر حملے وادی میں معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے نوآبادیاتی دور کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے تاہم جبر و استبداد کی پالیسی کشمیریوںکو ان کی جائز جدوجہد سے نہیں روک سکتی۔ نعیم احمد خان نے کشمیری نوجوانوں کے عزم وہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے نوجوان جنہوں نے تحریک آزادی کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قیادت کو اس حقیقت کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا۔ نعیم احمد خان نے سیاسی اور انتظامی سازشوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کی خودمختاری کو چھیننا، خطے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں اور انتخابی نقشہ تبدیل کرنا سرا سر غیر قانونی ہیں۔انہوں نے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کے بارے میںکہا کہ کشمیری سیاسی رہنماو¿ں کو ناقص بنیادوں پر قید کرنا ، منصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم کرنا ، جیلوں میں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور ان کے اہل خانہ کو دہشت زدہ کرنا بھارتی نوآبادیت کا ایک اور تاریک پہلو ہے۔