مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی فورسزحق خودارادیت کے مطالبے کو دبانے کے لیے کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں

فوجیوں نے رواں سال اب تک 54نوجوانوں کو شہید، 2,825کو گرفتارکرلیا: رپور ٹ

12994458_10153669944468918_2693232672355264306_n

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کالے قوانین کے تحت بے پناہ اختیارات رکھنے والی بھارتی فورسز اور پولیس بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو کھلے عام نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حقیقی مطالبے کے لئے جاری کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا جا سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکار کشمیری نوجوانوں کو ان کے پیدائشی حق،حق خودارادیت سمیت بنیادی سیاسی اور قانونی حقوق کا مطالبہ کرنے پر بے دردی سے قتل کر رہے ہیں۔کشمیری نوجوانوں کو روزانہ کی بنیاد پر بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کی آڑ میں نشانہ بنایا جا رہا ہے اورہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے 5اگست 2019 کے بعد جب بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرکے علاقے پر فوجی پر محاصرہ مسلط کر دیا، کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل میں تیزی لائی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے رواں سال اب تک 54کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 2825کو گرفتار کیا ہے جبکہ 1989سے اب تک 96ہزار341کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں جن میں زیادہ تر نوجوان تھے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حریت رہنمائوں، علمائے کرام، خواتین، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں کشمیری نوجوان بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپرنظربندہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ظلم و بربریت اور کشمیر دشمن پالیسیوں سے کشمیریوں کو زیر نہیں کیا جاسکتا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو قتل اور گرفتارتوکر سکتا ہے لیکن وہ آزادی اور امن کے لیے ان کے موقف اور جذبہ کو شکست نہیں دے سکتا۔ جموں و کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ آزادی کی تحریکوں اور عوام کے سیاسی مستقبل کو فوجی طاقت اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ناانصافیوں، ظلم وبربریت اور نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کو روکے اور کشمیریوں کو بچانے کے لیے آگے آئے۔ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں گھنائونے جرائم اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر جوابدہ بنایا جائے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button