مقبوضہ کشمیرمیں ترقی کا بی جے پی کا نعرہ کھوکھلا ثابت ہوا ہے ، عمر عبداللہ
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ترقی کا نعرہ کھوکھلا ثابت ہوا ہے اور بی جے پی نے روزگار کے مواقع کی فراہمی اور اسمبلی انتخابات کرانے کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔
عمر عبداللہ نے کولگام میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لوگوںکوانتخابات، روزگار اور ترقی کے نام پر دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی نے سوائے جھوٹ کے کشمیری عوام کو کچھ نہیں دیا۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا ذکر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بجلی کا بحران اتنا شدید ہے کہ اس سے پہلے نہیں تھا ۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیر یوں کا استحصال کرنے سے باز رہے۔ انہوں نے آرمڈ فورسز ٹریبونل کی طرف سے شوپیاں جعلی مقابلے میں ملوث فوجی کیپٹن کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیری عوام کا خون کتنا سستا ہے۔