جموں :سوپور کے رہائشی کشمیری طالب علم کی لاش برآمد

جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے شہرجموں میں ایک کشمیری طالب علم مردہ حالت میں پایا گیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوپور کے رہائشی21سالہ طالبعلم خالد شریف بٹ نے جو جموں کے جیول چوک میں ایک ہوٹل میں مقیم تھا، ہوٹل سے دور ایک مقام پر مردہ پایا گیا ہے ۔ نوجوان کے جسم پر زخموں کے نشانات موجود ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے ہندوتواتنظیموں بی جے پی/آر ایس ایس اور بجرنگ دل کے ساتھ مل کر طالب علم اغوا کیااور اسے قتل کر کے اس کی لاش شہر کے نواحی علاقے وجے پور میں پھینک دی۔ طالب علم کے قتل پرعلاقے میں کہرام مچ گیا اور مقامی لوگوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے نوجوان کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔مظاہرین نے پاکستان زندہ باد سمیت آزاد ی کے حق میں اور بھارت مخالف فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ اس موقع پر مقتول نوجوان کے اہل خانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالد شریف بٹ کو قتل کیا گیا ہے۔، انہوں نے خالد کے قتل میں ملوث افراد کوقانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ۔









