جموں کے سیاسی رہنماوں کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر غور و خوص
جموں23 فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں سے تعلق رکھنے والے سیاسی اور سماجی رہنمائوں اور کارکنوں کے ایک غیر معمولی اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر غور و خوص کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء میر شاہد سلیم نے کہاکہ 5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت اور جبرو استبداد کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جموں وکشمیر کو سیاسی، معاشی اور ثقافتی طور بر باد کرنے کے درپے ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت جموں و کشمیر کو سیاسی تجربات کے لئے استعمال کر رہی ہے۔حریت رہنماء نے اجلاس میں موجود تمام سیاسی اور سماجی رہنمائوں اور کارکنوں سے متحد ہو کر کشمیری عوام کے سیاسی اور جمہوری حقوق کیلئے جدوجہد کرنے کی اپیل کی ۔اس موقع پر بھارت کے سابق ممبر پارلیمنٹ شیخ عبد الرحمان اورآئی ڈی کھجوریہ سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںو کشمیر کا اقتدار غیر ریاستی افسر شاہی کو سونپ دیا ہے۔ اجلاس سے سردار سکھ دیو سنگھ، پریتم سنگھ، محمد یوسف لون، حاجی عبدالرشید، گردیو سنگھ اور عبدلجبار نے بھی خطاب کیا ۔