مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت نے پریس نوٹ جاری کرنے پر غلام احمد گلزار کے خلاف کالا قانون” پی ایس اے“لاگو کر دیا

کشمیریوں کو باوقار طریقے سے زندگی گزارنے کا حق ہے، امریکہ

سرینگر03 مارچ (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار کے خلاف کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگوکر کے انہیں سینٹرل جیل سری نگر منتقل کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار کو چند روز قبل گرفتار اورسرینگر کے بٹہ مالو تھانے میں بند کرنے والے حکام نے پی ایس اے ڈوزئیر میں یہ مضحکہ خیز الزام عائد کیا کہ وہ ذرائع ابلاغ کو پریس نوٹ جاری کرتے تھے۔
بھارتی حکام پہلے ہی کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور آسیہ اندرابی سمیت تقریباً تمام حریت رہنماﺅں کے خلاف کالے قانون کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں بھارت اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی مختلف جیلوں میں بند کر چکے ہیں۔
دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غلام احمد گلزار پر پی ایس اے کے نفاذ کی شدید مذمت کی اور ان کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی اور مودی کی بدترین فسطائیت کا مظہر قرار دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے تاہم کہا کہ آزادی کے حامی رہنماوں کی گرفتاریوں سمیت تمام بھارتی وحشیانہ کارروائیاں کشمیری عوام کو ان کی جائز جدوجہد آزادی کو آگے بڑھانے سے روکنے میں ناکام رہیں گی۔
نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے گاندربل میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فرقہ پرست طاقتیں انتخابی حلقوں میں رد وبدل کے ذریعے علاقے کے حقیقی نمائندوں اور جمہوری قوتوں کو سیاسی طور پر الگ تھلگ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے نام نہاد حد بندی کمیشن کی طرف سے حلقہ بندیوں کی ازسرنو تشکیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور اس کے مقامی گماشتے جمہوری طریقوں سے اقتدار حاصل نہیںکرسکتے لہذا وہ اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
ادھر امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو Donald Luنے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو چیلنجز درپیش ہیں۔ سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی ذیلی کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے اسمبلی انتخابات کے عدم انعقاد، آزادانہ نقل و حرکت پر پابندیوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے میں ممتاز صحافیوں کی نظربندی کا ذکر کیا۔ امریکی سفارت کار نے کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ تمام کشمیری عزت و وقار سے جینے کا حق رکھتے ہیں اور بھارت سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے وعدوں کو پورا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button