پاک بحریہ نے ایک اور بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا
اسلام آباد 03 مارچ (کے ایم ایس) پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین وارفیئر یونٹ نے کلاوری کلاس کی جدید ترین بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے روک لیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے آج ایک ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا جوہماری بحریہ کی اہلیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر آبدوز کی ویڈیو فوٹیج شیئر کرتے ہوئے کہا ”حالیہ واقعہ جو گزشتہ پانچ سالوں میں چوتھا واقعہ ہے، پاکستان نیوی کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا عکاس ہے۔ایک تفصیلی بیان میں میجر جنرل عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی بحریہ نے اپنی آبدوز کو مذموم مقاصد کے ساتھ پاکستان کی سمندری حدوں کی طرف بھیجا۔ تاہم پاکستان نیوی نے مسلسل چوکسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔۔اس طرح کا آخری واقعہ اکتوبر 2021 میں سامنے آیا تھا جب پاک بحریہ نے ایک بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روکا تھا۔