مودی کی سینا:بھارتی انتخابات کے پیچھے بی جے پی اور فوج کا گٹھ جوڑ
نئی دہلی: بی جے پی کے صدر نتن نبین نے پنجاب حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر پنجاب کے فوجی آج ٹھان لیں تو وہ آپ کی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیاسی مبصرین کاکہنا ہے کہ یہ زبان کی پھسلن نہیں بلکہ فوجیوں کو ایک منتخب ریاستی حکومت کے خلاف جماعتی قوت کے طور پر استعمال ہونے کی کھلی دعوت ہے۔ یہ بیان مودی کی بی جے پی اور بھارتی فوج کے درمیان گہرے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتا ہے جو ایک قومی ادارے کو”مودی کی سینا”میں بدل رہا ہے۔ یہ کوئی نئی بات بھی نہیں کیونکہ بی جے پی ایک عرصے سے بھارتی فوج کو”مودی کی سینا”بنا رہی ہے یعنی ایک شخص اور ایک جماعت کی فوج۔
اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے2019میں غازی آباد میں ایک انتخابی جلسے میں بھارتی فوج کو کھلے عام”مودی جی کی سینا”قراردیاتھا۔ بھارت کے اپنے الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا کہ اس بیان سے انتخابی ضابط اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی اور انہیں فوج کو سیاست کے لیے استعمال کرنے سے خبردار کیا، لیکن بی جے پی نے اپنی روش نہیں بدلی۔ یہاں تک کہ بھارتی بحریہ کے ایک سابق سربراہ بھی یہ معاملہ الیکشن کمیشن لے گئے جو اس بات کی علامت ہے کہ بھارت کے اپنے سابق فوجیوں نے بھی اس خطرے کو بھانپ لیا ہے۔
پوسٹروں پر فوجی کارروائیوں سے لے کر جلسوں میں فوجیوں کی قربانیوں تک بی جے پی نے وردی کو اپنی انتخابی مہم کا سب سے طاقتور ہتھیار بنا لیا ہے۔ بی جے پی نے ہر تنبیہ کو نظر انداز کیا اور پوسٹروں پر فوجی کارروائیوں سے لے کر جلسوں میں فوجیوں کی قربانیوں تک اس نے وردی کو کنول سے جوڑ دیا ہے۔ جس فوج پر ایک جماعت اپنا دعویٰ کر لے وہ قومی فوج نہیں رہتی اور جو جمہوریت اس کی اجازت دے وہ اندر سے کھوکھلی ہو جاتی ہے۔









