بھرتی کے عمل میں بے ضابطگیاں کشمیری نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑہے: میر واعظ عمرفاروق
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیر واعظ عمر فاروق نے جموں و کشمیر میں بھرتی امتحانات میں بے ضابطگیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کے واقعات ہزاروں نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مانندہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چند ایک مواقع فراہم کیے جاتے ہیں وہ بھی دھاندلی ، دھوکہ دہی اور بے ضابطگیوں کی نظر ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پہلے ہی بے روزگاری کی تشویشناک صورتحال کا سامنا کر رہا ہے جہاں نوجوانوں کو روزگار کے محدود مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ چند مواقع بھی دھاندلی ، دھوکہ دہی اور بے ضابطگیوں کے الزامات کی زد میں آ جاتے ہیں تو یہ طلباء اور نوجوان امیدواروں کے ساتھ ایک بہت بڑی ناانصافی ہے جو امید اور محنت کے ساتھ ان امتحانات کی تیاری میں برسوں گزارتے ہیں۔ انہوں نے ان بے ضابطگیوں کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
مسلسل ضبط کئے جارہے گلے سڑے گوشت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں میرواعظ نے کہاکہ قابض حکومت کو جواب دینا چاہیے کہ بار بار ہونے والے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟ انہوں نے پہلے کی تحقیقات اور عوام کو دی گئی یقین دہانیوں کے نتائج پر بھی سوال اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس کی تحقیقات میں کیا ہوا؟ کون ذمہ دار پایا گیا اور کیا کارروائی کی گئی؟ صرف گلے سڑے گوشت کو قبضے میں لے کر تلف کرنا کافی نہیں ہے۔ لوگوں کی صحت اور زندگیوں سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
میرواعظ کشمیر نے کہا کہ جو لوگ جان بوجھ کر مالی فائدے کے لیے صحت عامہ کو خطرے میں ڈالتے ہیں انہیں نہ صرف قانونی نتائج بلکہ سخت سماجی بائیکاٹ اور ناپسندیدگی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا بائیکاٹ الزامات یا افواہوں کے بجائے ثابت شدہ حقائق پر مبنی ہونا چاہیے۔
نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے اجلاس میں پاکستانی وزیر کی شرکت کا خیر مقدم کرتے کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان زیادہ رابطے اور بہتر تعلقات کا کوئی بھی موقع ایک مثبت پیشرفت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک کثیرالجہتی فورم ہے، لیکن یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان کے نمائندے نے بھارتی حکومت کی دعوت قبول کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی ۔ ہمیں امید ہے کہ اس طرح کی بات چیت سے زیادہ سے زیادہ رابطے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ افہام و تفہیم اور پرامن تعلقات کی طرف بڑھنے کے لیے بات چیت اور مشغولیت ضروری ہے۔









