بھارت

ماہرین تعلیم، صحافیوں، فلمسازوں اورفنکاروں سمیت500سے زائد شخصیات کا بلقیس بانو سے اظہار یکجہتی

مجرموں کی رہائی کے اثرات جنسی تشدد اور نفرت پر مبنی جرائم کے دیگر متاثرین پر بھی مرتب ہوتے ہیں

نئی دہلی: ماہرین تعلیم، صحافیوں، فلمسازوں اورفنکاروں سمیت500 زائدشخصیات نے بلقیس بانو کے نام لکھے گئے ایک کھلے خط میں ان سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایسی سیاست کو قبول نہیں کر سکتے جس میں مذہب کے نام پر نفرت کو فروغ دیا جائے اور جرم کرنے والوں کو بچ نکلنے کا موقع ملے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں بھارتی سپریم کورٹ نے 2002کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کے خاندان کے 14افرادکے قتل اور ان کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے کے جرم میں سزا یافتہ 11لوگوں میں سے دو کو ضمانت دی تھی۔ عدالت نے ان کی عمر قید کی سزا پر روک لگا دی ہے۔ یہ روک ان کی اپیلوں پر فیصلہ آنے تک برقرار رہے گی جن پر فیصلہ بھی سپریم کورٹ کو ہی کرنا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے،بلقیس، ہم غصے میں ہیں۔ ہم اس بات سے ناراض ہیں کہ عدالتیں مجرموں کے جیل میں گزارے گئے ہر سال کا حساب رکھتی ہیں، لیکن ان برسوں کا کوئی حساب نہیں رکھتا جن میں آپ نے ایک عورت کی حیثیت سے اپنی زندگی کو پھر سے کھڑی کرنے کے لیے جدوجہد کی۔ ہمیں اس بات پر بھی غصہ ہے کہ قانونی کارروائیوں اور ضابطوں کے درمیان ان خواتین کا درد کہیں پس منظر میں چلا جاتا ہے، جن کی زندگیوں پر ان فیصلوں کے براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
خط پر دستخط کرنے والے ماہرین تعلیم اور سماجی کارکنوں میں اوما چکرورتی، روتھ منورما، نویدیتا مینن، کلپنا کنابیرن، اینی راجہ اور شبنم ہاشمی،صحافیوں میں ریوتی لال، نمیتا بھنڈارے اور لکشمی مورتی جبکہ فلمسازوں اور فنکاروں میں پرکاش راج، آنند پٹوردھن، شیبا چھاچھی اور لینا منیمیکالائی شامل ہیں۔
خط میں اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی گئی ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا تازہ فیصلہ جاری ہونے سے قبل بلقیس بانو کو اس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ خط میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ جب کسی متاثرہ خاتون کی سلامتی اور زندگی سے متعلق فیصلے اسے سنے بغیر کیے جائیں تو ایسی صورت میں انصاف کے کیا معنی رہ جاتے ہیں؟خط میں خبردارکیاگیا ہے کہ مجرموں کی رہائی کے اثرات جنسی تشدد کی دیگر متاثرہ خواتین اور نفرت پر مبنی جرائم کا شکار ہونے والے افراد پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
دستخط کنندگان کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مجرموں کی ایسی رہائی کا اثر ملک بھر میں عصمت دری اوراجتماعی عصمت دری کا شکار ہونے والی خواتین پر پڑتا ہے۔ اور اس طرح کے فیصلوں سے ایسے گھنانے جرائم کے تمام مجرموں کو رہائی ملتی ہے۔خط لکھنے والوں کا کہنا ہے کہ بلقیس کی جدوجہد ہمارے عہد کی ایک اور سفاک سچائی کو سامنے لاتی ہے: ایک ایسے بھارت میں مسلمان عورت ہونا جہاں حکومت مسلسل اور اکثریت پسند ہوتی جا رہی ہے، جہاں سب کو یکساں انصاف نہیں ملتا، جہاں شہریت پر بار بار سوال اٹھائے جاتے ہیں اور جہاں بڑی مشکل سے حاصل کی گئی جیت بھی کسی بھی وقت چھینی جا سکتی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے،آپ کی لڑائی صرف آپ کی اپنی لڑائی نہیں ہے۔ یہ ہندوتوا کی سیاست، خواتین کے خلاف تشدد اور آئین کی جانب سے دیے گئے حقوق کو کمزور کرنے کی کوششوں کے خلاف ہماری مشترکہ جدوجہد کا بھی حصہ ہے۔ خط کو متعدد تنظیموں اور نیٹ ورکس کی حمایت بھی حاصل ہوئی ہے۔ ان میں سہیلی ویمنز ریسورس سینٹر، فورم اگینسٹ آپریشن آف ویمن، نیشنل فیڈریشن آف دلت ویمن، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن اور انڈین کرسچین ویمنز موومنٹ شامل ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے،بلقیس، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ کی جدوجہد میں، آپ کی مزاحمت میں اور مکمل یکجہتی کے ساتھ آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم مل کر اس لڑائی کو جاری رکھیں گے صالحہ کے لیے، انصاف کے لیے اور ایسے بھارت کے لیے جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق اور عزت و وقار حاصل ہو۔
بلقیس بانو نے سوموار( 16نومبر)کو اپنی وکیل اور سینئر ایڈووکیٹ شوبھا گپتا کے توسط سے جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے انہیں کوئی اطلاع دیے بغیر اور ان کاموقف پیش کرنے کا موقع دیے بغیر دو مجرموں کی عمر قید کی سزا پر روک لگا دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد وہ درد، صدمے اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں۔
43سالہ بلقیس بانو نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کریں گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھاکہ مجھے اب بھی یقین نہیں ہورہا کہ دوسری بار سپریم کورٹ نے میرے معاملے میں مجھے بغیر بتائے اور میری بات سنے بغیر یہ فیصلہ دیا۔ مجھے اس کی معلومات پریس میں شائع ہونے والی خبروں سے ملی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button