بھارت : اجین میں شاہی مقبرے سمیت 12سے زائد مساجد اور مزارات منہدم
نئی دہلی : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میںسنگھستھ 2028کی تیاریوں کے نام پر محکمہ ریلوے نے ہفتے کی صبح مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر پلیٹ فارم نمبر 8کے قریب مسجد قلندری، شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زائدمساجد اور مزارات سمیت کئی تعمیرات کو بلڈوزروںسے منہدم کر دیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ اس مہم کے ذریعے محکمہ ریلوے نے تقریبا 15 ہزار مربع فٹ زمین کو خالی کرایا ہے۔ دوسری جانب وقف کمیٹی نے اس کارروائی کو غلط قرار دیتے ہوئے عدالت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی وارننگ دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہفتے کی صبح شروع کی گئی کارروائی کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس دوران پیراملٹری فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ ریلوے کے افسران اور دیگر حکام بھی موقع پرموجود تھے۔ وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی نے ریلوے کی کارروائی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے نے غلط طریقے سے مسجد قلندری، شاہی مقبرے، ایک درجن سے زائدمساجد، مزارات اور متولی کے مکان کو منہدم کیا ہے۔
مولانا عارف کا کہنا ہے کہ اس زمین سے متعلق معاملہ ابھی بھی بھوپال وقف ٹریبونل کورٹ میں زیر التوا ہے اور ایک شخص کو فرضی کرایہ دار قرار دے کر علی الصبح یہ انہدامی کارروائی کی گئی۔ وقف کمیٹی نے کہاکہ اس کارروائی کے خلاف عدالت میں توہین عدالت کی عرضی دائر کی جائے گی۔ ریلوے کے پی آر او مکیش کمار کے مطابق آئندہ سنگھستھ مہاپرو 2028 کے پیش نظر اسٹیشن احاطے کی توسیع اور تعمیراتی کام کیے جا رہے ہیں جن میں ان تعمیرات کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔انہوں نے کہاکہ اس زمین پر سنگھستھ کے دوران آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ہولڈنگ اور ویٹنگ ایریا تیار کیا جائے گا۔








