قابض حکام کاجموں میں بین الاقوامی سرحد کے قریب پاکستانی شہری کو گرفتارکرنے کا دعویٰ
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پیراملٹری بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)نے آج ضلع جموں میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک پاکستانی شہری کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حکام کاکہنا ہے کہ یہ کارروائی سرحدی نگرانی کے دوران عمل میں آئی۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد کے قریب ارنیا سیکٹر میں گشت پر مامور بی ایس ایف اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر فوری کارروائی کی اور مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار کیے گئے نوجوان کی شناخت 20 سالہ اویس رضا ولد امداد حسین کے طور پر ہوئی ہے جو پاکستان کے ضلع لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن کے علاقے جڑانوالی، ڈاک خانہ خاص، بستی گوکل کا رہائشی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی کارروائی کے بعد اسے مزید تفتیش کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسے تھانہ ارنیا میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ سرحد پار کرنے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔حکام کے مطابق اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ نوجوان نے نادانستہ طور پر بین الاقوامی سرحد عبور کی ہو، تاہم تمام پہلوئوں سے جانچ اور پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔








