مقبوضہ جموں وکشمیر:بھرتی عمل میں بدعنوانی قتل سے زیادہ سنگین جرم ہے : آغا روح اللہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پارلیمنٹ کے سابق رکن آغا روح اللہ مہدی نے سرینگر میں طلباء کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے بھرتی عمل میں بدعنوانی کو قتل سے بھی زیادہ سنگین جرم قرار دیااور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے احتجاجی مقام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ احتجاج کی قیادت کرنے نہیں بلکہ طلباء کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونے آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ طلبا ء میرے ساتھ شامل نہیں ہورہے ہیں بلکہ میں طلبا ء کے ساتھ شامل ہورہا ہوں۔
ایل جی انتظامیہ و عمر عبداللہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آغا روح اللہ نے کہاکہ حکومتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرا کر بے روزگار نوجوانوں کے مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کررہی ہیں۔ دونوں انتظامیہ نے ہمیں الجھن میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو فٹبال بنا دیا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ فٹبال کھیل رہے ہیں جس کا سارا خمیازہ نوجوانوں خاص کر روزگار کی تلاش میں نوجوانوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بھرتی عمل میں بے ضابطگیوں کو مستحق امیدواروں کے ساتھ سنگین ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر مواقع نہ ملنے کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہورہا ہے اور ان کی برسوں کی محنت ضائع ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داروںکے خلاف کارروائی ہونی چائیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5سے8 برسوں کے دوران ایک نیٹ ورک قائم ہوا ہے جو مخصوص افراد کو فائدہ پہنچانے اور سمجھوتوں کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانے میں مصروف عمل ہے۔ یہ بے ضابطگیاں محض اتفاق نہیں بلکہ دانستہ طور پرکی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سروسز سلیکشن بورڈکے تحت رواں ماہ کی 15تاریخ کو منعقد ہوئے فنانس اکاونٹس اسسٹنٹ کے امتحان میں نقل اور بے ضابطگیوں کے ایک بڑے ریکٹ کا انکشاف ہوا ہے۔اس معاملے میں پولیس نے امتحان کے دوران جدید الیکٹرانک آلات کے ذریعے نقل کرانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ابتدائی طور پر 14افراد کو گرفتار کیا،جبکہ مزید تفتیش میں پرچہ لیک کرنے میں ملوث سرکاری ملازمین سمیت گرفتاریوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 8 وائرلیس سیٹ، 22 موبائل فون اور 5 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں ۔








