راجوری میں پھانسی پر لٹکے ہوئے پولیس اہلکار کے اہل خانہ کا احتجاجی مظاہرہ
جموں11اپریل (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںایک پولیس اہلکارکے اہلخانہ نے جورواں سال 10مارچ کو ضلع راجوری میں اپنے دوست کے کمرے میں پھانسی پر لٹکا ہوا پایا گیا تھا، پونچھ کے علاقے مینڈھر میں احتجاجی مظاہرہ کیااوراپنے رشتہ دارکے قتل کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین جن میں خواتین، مرد اور بچے شامل تھے ،مینڈھرمیں شہیدی یادگار پر جمع ہوئے ۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”ہمیں انصاف چاہیے”،” افتخار کے لیے انصاف” اور” ہمارا مطالبہ: انصاف” جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پولیس اہلکار افتخار احمد ولد منظور احمد ساکنہ آری مینڈھر کی ہلاکت کو ایک قتل قراردیتے ہوئے اس کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس اہلکار افتخار احمد کی لاش 10مارچ کو ضلع راجوری میںان کے ساتھی ایس پی اوکے کرائے کے کمرے سے پراسرار حالت میں برآمد ہوئی تھی۔