وزیر اعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر شہباز شریف کو مبارک باد
سرینگر15اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بشیر احمد بٹ نے شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کی فعال اور متحرک قیادت میں ملک خداد پاکستان ترقی کرے گا۔
بشیر احمد بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف کی قیادت میں نئی حکومت نہ صرف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی بلکہ کشمیر کاز کو بھرپور طریقے سے اجاگر اور عالمی فورمز پر بھارتی سامراج کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرے گی۔ بشیر بٹ نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما، محمد سلطان بٹ نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے نئی حکومت سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔