اپنی ماں کو 10سال تک گھر میں قید رکھنے پر چنئی کا پولیس افسر بھائی سمیت گرفتار
چنئی 17اپریل (کے ایم ایس)بھارتی ریاست تامل ناڈو کے علاقے تھنجاور میں اپنی 72سالہ ماں کو10 سال تک گھرمیں قید رکھنے پر ایک پولیس افسر سمیت دو بھائیوں کوگرفتارکیاگیااوران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
تامل یونیورسٹی پولیس نے دو بیٹوں 50سالہ پولیس انسپکٹر شانموگاسندرم جو چنئی میں کام کرتا ہے اور اس کے چھوٹے بھائی45سالہ وینکٹیشن کے خلاف جو پٹوکوٹائی میں دوردرشن کا ملازم ہیں، مقدمہ درج کیا ہے۔ شانموگاسندرم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی پر الزام عائد کیا اور کہا کہ وینکٹیشن ماں کو ہر ماہ ملنے والی 30ہزارروپے کی پنشن استعمال کررہاتھا اور وہ اپنی ماں کی صحت کا ذمہ دار تھا۔محکمہ سماجی بہبود کے مطابق 72سالہ گناجوتھی کو محکمہ سماجی بہبود کے اہلکاروں نے نامعلوم شخص کی طرف سے اطلاع دینے کے بعد بازیاب کرالیا جس نے انہیں سوشل میڈیا پر برہنہ خاتون کی ویڈیو دیکھ کر مطلع کیاتھا۔ضلع کلکٹر دنیش پونراج اولیور نے کہا کہ خاتون کو تھنجاور میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں سے تاکید کی گئی ہے کہ خاتون کی جلد صحت یابی کے لیے کوشش کریں۔