لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے بھارتی فوج کے نئے سربراہ مقرر
نئی دلی18اپریل(کے ایم ایس )
بھارت نے لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے کو بھارتی فوج کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کے موجودہ سربراہ جنرل منوج مکند نروانے 30اپریل کو اپنی 28ماہ کی مدت مکمل ہونے پر ریٹائرہورہے ہیں ۔ بھارتی وزارت دفاع نے آج فوج کے وائس چیف لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے کو اگلے فوجی سربراہ کے طور پر مقرر کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے کو دسمبر 1982 میں بامبے سیپرس میں کمیشن ملا تھا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کئی اہم کمانڈ اور اسٹاف سے متعلق فرائض ادا کئے ہیں ۔ بری فوج کے سربراہ بننے والے لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے انجینئرز کورکے پہلے افسر ہوں گے۔ اس مہینے کے آخر میں جنرل ایم ایم نرونے کی ریٹائرمنٹ کے بعدمنوج پانڈے عہدہ سنبھالیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے نے اپنے کیریئر کے دوران جموں وکشمیر میں آپریشن کے دوران کنٹرول لائن کے ساتھ ایک انجینئر رجمنٹ کی کمان سنبھالی، مغربی سیکٹر میں ایک انجینئر بریگیڈ، ایل او سی کے ساتھ ایک پیدل فوج بریگیڈ اور مغربی لداخ کے بالائی علاقے میں ایک پہاڑی ڈویژن اور مشرق میں ایک کور کی کمان بھی سنبھالی۔جنرل منوج پانڈے اقوام متحدہ کے کئی مشن میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ جون 2020 سے مئی2021تک انڈومان اینڈ نکوبار کمان کے کمانڈر ان چیف بھی رہے ہیں۔