بھارت :نوجوان کے ہاتھوں ماں باپ سمیت گھرکے 4 افرادکا بے رحمانہ قتل
نئی دہلی23نومبر(کے ایم ایس)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے پالم میں ایک نوجوان نے اپنے ماں باپ سمیت خاندان کے 4افراد کوبے رحمی سے قتل کردیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق 25سالہ کیشو نامی نوجوان نے اپنے ہی خاندان کے چار افراد کو تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔نوجوان نے پہلے بے دردی سے ان کا گلا کاٹ دیا اورپھرچاقو سے حملہ کیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق خاندان کے تمام افراد کو منگل 22نومبر 2022کی رات اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ گھر میں سو رہے تھے۔ ملزم کیشو نے اپنی دادی75 سالہ دیوانو دیوی، باپ 50سالہ دنیش ، ماں درشنا اور بہن18سالہ اروشی کو قتل کردیا۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد کر لیا ہے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 22نومبر کی رات تقریبا ًساڑھے دس بجے ایک کال موصول ہوئی اور جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ایک ہی گھر میں ایک ہی خاندان کے چار افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کو جو فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، فون کرنے والے اور اس کے رشتہ داروں نے پکڑ لیا۔پولیس نے بتایا تعزیرات ہند کی دفعہ 302کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم نشے کا عادی ہے اور گھر والوں سے پیسے مانگ رہاتھا۔ گھر والوں نے پیسے دینے سے انکار کیا تو اس نے انہیں قتل کر دیا۔