کشمیری عوام میں بھارت کے خلاف غم و غصہ بڑھ رہا ہے، یوسف تاریگامی
سرینگر26 اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسٹ کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں خاموشی کو نارملسی نہ سمجھے کیونکہ کشمیری عوام میں بھارت کے خلاف غم و غصے بڑھتا جارہا ہے ۔
سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف تاریگامی نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اپنے حالیہ دورے کے دوران کشمیری نوجوانوں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے لیکن انہوں نے سوال کیا کہ ان کے دورے سے قبل کئی نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے کیوں ڈالا گیا؟انہوں نے کہاکہ مودی نے کشمیری نوجوانوں کو مطمئن کرنے کیلئے بڑے بڑے دعوے کیے ہیں۔تاہم انہوں نے کہاکہ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ زمینی صورتحال کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کے لیے جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ انہیں روزگار فراہم کرنا، ان کے لیے آزاد ماحول کو یقینی بنانا اور انھیں تحفظ فراہم کرنا ہے۔یوسف تاریگامی نے کہاکہ کشمیریوں میں بھارت کے خلاف غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے اور انہیں دیوار سے نہیں لگایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقے میں خاموشی کو نارملسی نہیں سمجھا جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں پنچایت راج کے حوالے سے ڈھول پیٹ رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ ایسا نظام جموں و کشمیر میں تقسیم ہند سے پہلے بھی موجود تھا۔