مقبوضہ کشمیر میں عارضی نارملسی قائم ہے: عمر عبداللہ
سرینگر28اپریل (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںنیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری کے مودی حکومت کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال نارملسی سے کوسوں دور ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوال کیاکہ اگر جموں وکشمیر کی صورتحال ٹھیک ہے تو تاریخی جامع مسجد میں شب قدر کے موقعہ پرعبادت اورجمعتہ الوداع کے موقع پر نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کیوں عائد کی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ مودی حکومت مقبوضہ عارضی طورپر نارملسی قائم کر رہی ہے یا لوگوں کو دبا کر کشمیر میں صورتحال کی بہتری کا بیانیہ گھڑا جارہا ہے ۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ ایک طرف تو مودی حکومت مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف شب قدر اورجمعتہ الوداع کے موقع پرتاریخی جامع مسجد سرینگر کو بند کر دیاگیا ہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے ۔اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، ناصر اسلم وانی اور تنویر صادق بھی موجود تھے۔