مقبوضہ جموں وکشمیر میں میڈیا اورانسانی حقوق غاصبوں کے نشانے پر: فاروق رحمانی
اسلام آباد 04مئی (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی وکالت کرنے اور اقوام متحدہ کی طرف سے بنائے گئے عالمی قوانین اور رہنما اصولوں کی حمایت کرنے پر مقامی پریس اور میڈیا کو نشانہ بنانے پر بھارت کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 3مئی کوہرسال آزادی صحافت کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن صحافیوں کو درپیش مشکلات کو اجاگرکیاجاتاہے۔محمد فاروق رحمانی نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پراسلام آباد میںجاری ایک بیان کہا کہ5اگست 2019کے بعد جموں و کشمیر میں آزاد اور شفاف صحافت کا گلا گھونٹا جارہاہے اور مودی حکومت کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی کوئی پرواہ اور احترام نہیں ۔ انہوںنے کشمیر میں صحافیوں اور صحافت کی حالت زار کا ذمہ دار بھارت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارت کے مظالم اور صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف جارحانہ ہتھکنڈوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر اب پہلے سے زیادہ خطرناک ہو گیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دنیا کے آزاد صحافتی حلقوں پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں ،آزاد صحافت اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور اس حوالے سے اپنی آواز بلند کریں تاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پرامن اورمنصفانہ طریقے سے حل کیا جائے۔