مقبوضہ کشمیر :ژالہ بای کے باعث فصلوں، سبزیوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان
سرینگر07مئی(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں طوفانی بارشوں اور تیز ہوائوں کے ساتھ شدید ژالہ باری کی وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے علاقے فیروز پورہ ٹنگمرگ قریباً پانچ منٹ تک جاری رہنے والی ژالہ باری کے سبب دھان کی فصلوں، سبزیوں اور پھلوں کے باغات کو کافی نقصان پہنچا۔مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی ژالہ باری ہوئی۔علاوہ ازیں جنوبی ضلع پلوامہ کے علاقوں نیوہ اور قاضی گنڈ جبکہ ترال کے نارستان،بنگہ ڈار ،ستورہ ، حاجن ،درگڑ اور دیگر علاقوں میں جمعہ کے روز ہونے والی سخت ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔اس دوران سونہ مرگ ،زوجیلا ،گگن گیر، کلن ،گنڈ اوردیگر علاقوں کے پہاڑوں پر تازہ برفباری سے سردی کی لہر دوڑ گئی۔مقبوضہ وادی کشمیر میں آج (ہفتہ ) اور کل (اتوار ) بھی کئی مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔