مقبوضہ کشمیرمیں قیام امن کیلئے کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کی بحالی ناگزیرہے ،فاروق عبداللہ
سرینگر10مئی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبدا للہ نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں قیام امن کیلئے کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کی بحالی ناگزیر ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے کپواڑہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی فضا قائم کرنے کیلئے کشمیری عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق کو فورا بحال کرے۔ انہوں نے کہاکہ اس عمل میں جتنی دیر ہو گی مقبوضہ علاقے حالات اتنے ہی پیچیدہ اور سنگین ہوتے جائیں گے ۔انہوں نے کشمیری عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق قائم رکھیں کیونکہ اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے ۔ نااتفاقی اور اتحاد کا فقدان بڑی بڑی قوموں کے زوال کا سبب بنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہگذشتہ برسوں کے دوران خصوصا 5اگست 2019کے بعد جموں وکشمیر کو ہر لحاظ سے اندھیروں میں دھکیلا گیا،حالات کی ابدتری، بے چینی، افراتفری، فرقہ پرستی اور خوف و دہشت کی فضا کی وجہ سے کشمیری عوام کو بے روزگاری اور اقتصادی بدحالی کے سوا کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کشمیری عوام کو جن مصائب، مظالم اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری عوام کیخلاف اس وقت جو سازشیں رچائی جارہی ہیں ان سے نمٹنے کیلئے ہمیں پرعزم اور ثابت قدمی سے ان چیلنجوں کا مقابلہ کرناچاہیے ۔