بھارت میں مسلمانوں کے خلاف حالیہ تشدد فرقہ پرست طاقتوں کی منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے، مسلمان رہنما
ممبئی12 مئی (کے ایم ایس) بھارتی مسلمانوں رہنماﺅں نے کہا ہے کہ ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے ملک بھر میں مسلم کمیونٹی کے خلاف تشدد کے حالیہ واقعات فرقہ پرست طاقتوں کی منصوبہ بند سازش کا حصہ ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس مسلمانوں رہنماﺅں نے ممبئی میں ایک اجلاس میں کہا کہ فسطائی طاقتیں گزشتہ چند مہینوں سے مسلمانوں کی جانوں اور انکی املاک پر حملوں کے اعلانات کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رام نومی کے دوران متعدد ریاستوں میں جس طرح سے مسلمانوں پر تشدد کیا گیا وہ ان میں خوف وہراس پیدا کرنے کی ایک بڑی سازش کی نشاندہی کرتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نفرت پھلانے والے ان عناصر کو بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں جس طرح سے کھلی چھٹی دی گئی اس سے اس سارے مذموم عمل کو حکومتی سرپرستی حاصل ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔مسلم رہنماﺅں نے کہا کہ مسلمانوں کی املاک کو بلڈوزر سے تباہ کرنے کا حالیہ رجحان ریاستی مشینری کو مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنے کی نئی حکمت عملی ہے۔ اجلاس میں مسلمانوں پر زور دیا گیا کہ وہ اس صورتحال میں جب ریاست بدقسمتی سے اقلیتوں کے تحفظ کا اپنا فرض نبھانے میں ناکا م ہے ،مقامی سطح پر منظم ہوں اور فسطائی طاقتوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کی کوشش کریں۔