بھارت نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، دیویندر سنگھ
جموں18مارچ ( کے ایم ایس )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموںمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت دراصل حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی سے انتہائی سے خوفزدہ ہے لہذا اس نے مقبوضہ علاقے میں جبر و استبداد کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تاکہ کشمیری خوفزدہ ہو کر تحریک مزاحمت ترک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہی ہیں لہذا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی خاموشی ترک کر کے نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا موثر نوٹس لے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی وہ مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔