مقبوضہ جموں و کشمیر

بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا

اسلام آباد19مئی (کے ایم ایس)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں غیر قانونی تبدیلیوں کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ وزیر خارجہ نے اپنے امریکہ کے دورے کے دوران نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوراٹر میں انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ۔ بلاول بھٹو نے ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل کو بتایاکہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی ادارے کے سربراہ کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال ، انسانی حقوق کی پامالیوں اور وہاں آبادی کے تناسب میں غیر قانونی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔انہوں نے ملاقات کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس نے ہمیشہ ان اصولوں کے مطابق عالمی مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے سیکرٹری جنرل کے عزم کو سراہتے ہوئے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ کے طور پر پاکستان کی صلاحیت سمیت اس کوشش میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button