بھارت

جھارکھنڈ: پاکستان کے حق میں نعرے لگانے پر 62افرادکے خلاف مقدمہ درج

ہزاری باغ 23مئی (کے ایم ایس)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں پولیس نے پاکستان کے حق میں نعرے لگانے پر پنچایت کمیٹی کے ایک نومنتخب رکن سمیت کم از کم 62افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس نے ریاست کے ضلع ہزاری باغ میں پنچایتی انتخابات کی جیت کے جلوس میں پاکستان کے حق میں نعرے لگانے پر ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ہزاری باغ کے پولیس سپرانٹنڈنٹ منوج رتن چوتھے نے بتایا کہ بازار سمیتی کے باہر جلوس کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میںکئی لوگوں کو”پاکستان زندہ باد”کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا۔ منوج رتن نے کہا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے کیونکہ پولیس ابھی تک اس کلپ کی صداقت کی تصدیق کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنچایتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مقامی رہنما آمنہ خاتون کی جیت پر برکاتھا بلاک کے علاقے شیلاڈیہ میں ان کے حامیوںنے ایک ریلی نکالی۔شیلاڈیہ کے نو منتخب پنچایت سمیتی کے رکن سمیت 12 نامزد لوگوں اور 50نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔انہوں نے کہا اگر ویڈیو کی تصدیق ہوگئی توسب کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ چار مرحلوں پر مشتمل پنچایتی انتخابات میں یہ اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے ۔اس سے پہلے21اپریل کو ضلع گریڈی کے ایک گائوں میں گرام پنچایت کے سربراہ کے عہدے کے لیے ایک امیدوار کو اس کے دو حامیوں کے ساتھ پاکستان کے حق میں ایسے ہی نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جب وہ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے جا رہے تھے۔ انتخابات کے دو مراحل ہوچکے ہیں جبکہ تیسرے اور چوتھے مرحلے کے لیے بالترتیب 24 مئی اور 27مئی کو پولنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کی پولنگ کے نتائج کا اعلان گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button