جموں و کشمیر میں بی جے پی کے ریموٹ کنٹرول نظام حکومت سے احساس محرومی پیدا ہواہے: ہرش دیو
جموں24جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںعام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما ہرش دیو سنگھ نے علاقے میں جمہوریت کی فوری بحالی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کو غیر قانونی اور ناجائز طریقے سے منتخب حکومت سے محروم کیا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہرش دیو سنگھ نے جموں خطے میںحلقہ چنانی کے دو روزہ دورے کے دوران اومالہ، کوٹی بالا اور چیری میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریموٹ کنٹرول نظام حکومت کشمیری عوام کی مشکلات اور مصائب کا حل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ باہر کے بیوروکریٹس اور نئی دہلی کے رہنما ایک جائز منتخب حکومت کا متبادل نہیں ہو سکتے جو مسائل کو حل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کواپنی منتخب حکومت قائم کرنے کے جائز حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا ۔ ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیربھارتی آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔