مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت تمام حریت رہنماﺅں کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے، مشعال ملک

اسلام آباد25 مئی (کے ایم ایس) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے انہیں ایک جھوٹے مقدمات میں عمر قید کے متعصبانہ اور بے رحمانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت تمام حریت رہنماﺅں کا خاتمہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس فیصلے کا عالمی عدالت انصاف میں مقابلہ کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال حسین ملک جو پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن بھی ہیںنے آج ( بدھ ) اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ نہیں بلکہ انصاف کا قتل ہے، جو ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس متعصبانہ فیصلے کا دنیا کے ہر فورم پر مقابلہ کیا جائے گا اور انصاف ملنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ ان کے شوہر اور بہادر آزادی پسند کے خلاف فیصلہ انصاف کا قتل ہے اور اگر بھارتی سفاک حکام نے فیصلہ واپس نہ لیا تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے فسطائی بھارتی حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی پرامن آواز کو خاموش کرنے کے لیے عدلیہ کا استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سفاک اور فسطائی ہندوتوا حکومت کے تحت یاسین ملک کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔ مشعال ملک نے مزید کہاکہ بہادر کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے کے لیے درجنوں حریت رہنماﺅں کو قید کر لیا گیا ہے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور جھوٹے مقدمات میں سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کو بھارتی عدالتوں سے انصاف دلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں یاسین ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں معروف حریت رہنمااور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالت کے اس مذموم اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔شیخ عبدالمتین نے مزید کہا کہ مودی حکومت کی ایما پر بھارتی عدالت کا یہ فیصلہ حق خودارادیت کے لئے برسر جدوجہد کشمیریوں کے عزم کو ہر گز متزلزل نہیں کر سکتا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button