دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انسانی زندگیاں اپنا وقار کھوچکی ہیں: کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 31 جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل میں اضافے کی شدید مذمت کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں قابض فورسز کا معمول بن چکی ہیں اور مقبوضہ علاقے میں 10لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انسانی زندگیاں اپنا وقار کھوچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محاصرہ زدہ مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاو¿نی میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں نئے بھرتی ہونے والے فوجیوںکو ہلاکتوں کی تعداد کی پرواکئے بغیر مقامی آبادی سے لڑنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ ترجمان نے حریت پسند کشمیر ی عوام کے پختہ عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے گزشتہ 74 سال سے بھارت کے غیر قانونی اور جبری قبضے کے دوران قابض بھارتی فوج کے بدترین مظالم کا بہادری سے سامنا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان جابرانہ اقدامات کے باوجودبھارت ناقابل تنسیخ حق ،حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ترجمان نے حال ہی میں پلوامہ اور بڈگام کے جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے پانچ نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بہیمانہ قتل عام کو اقوام متحدہ کے 1948 کے انسانی حقوق کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔مقبوضہ علاقے میں شہری آبادی کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر تنقید کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے غیر انسانی ہتھکنڈے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور بھارت کے پاس کشمیر سے اپنی فوج نکالنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ علاقے میں استصواب رائے کرانے کے لئے بھارت پر دباو¿ ڈالے ،کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری نسل کشی، ماورائے عدالت قتل اور جبری گرفتاریاں بند کرائے۔
ادھراسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام گزشتہ روز پلوامہ اور بڈگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیا۔ مجلس میں شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی ۔ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقوں پلوامہ اور بڈگام میں بھارتی فوجیوں نے ایک جعلی مقابلوں میں 5بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاتھا۔