مقبوضہ جموں و کشمیر

یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں مظفر آباد میں ریلی،بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

20220719_103324
مظفرآباد19جولائی(کے ایم ایس) یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں مظفر آباد میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں بزرگوں،بچوں اور نوجوانوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ریلی کا مقصد19جولائی 1947کو سرینگر میں پاس کی گئی قراردادِ الحاق پاکستان کی توثیق و تجدید کرنا تھا۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان،آزادی کشمیر اور شہدائے کشمیرکے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج74 سال کے بعد بھی ریاست کے عوام 19جولائی 1947کی قرار داد کی تجدید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرینگر میں پاس کی گئی تاریخی قرارداد مسلمانان کشمیر کی پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور فکری وابستگی کا عملی اظہار اورجموںو کشمیر کی غالب مسلم اکثریت کی خواہشات اور امنگوں کی ترجمانی تھی۔ مقررین نے کہا کہ تقسیمِ ہند سے قبل ہی ریاست جموںو کشمیر کی نبض شناس قیادت بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کو بھانپ چکی تھی اسی لئے انہوں نے 19جولائی کو قرارداد پاس کرکے بھارت سے بیزاری اور آزادی کا اعلان کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی نے اسلام کی نسبت سے” ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”کا نعرہ لگا کر 19جولائی 1947کی قرارداد کی توثیق کر کے کشمیری عوام کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر کے چپے چپے پرکشمیریوں کا ”پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ”کا نعرہ بلند کرنا 19جولائی کی قرار داد کی توثیق ہے۔ مقررین نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کا بھارتی بندوقوں کے سائے تلے پاکستانی پرچم لہرانا اور سینوں پر گولیاں کھانا اس قرار داد کی توثیق ہے۔ انہوں نے کہا کے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کا پاکستانی پرچموں میں دفن ہونا دراصل اسلام کے نام پر بننے والے ملک پاکستان کے ساتھ فکری وابستگی اور 19جولائی کی قرارداد کی تجدید ہے۔ بھارت کے زیر قبضہ جموںو کشمیر کے عوام میں پاکستان ایک عشق،جنون اور نظریے کی طرح موجود ہے ۔ بھارت تمام تر ظلم اور جبر کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی اور اسلام اور پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کو ختم کرنے میں مکمل طور پرناکام ہوچکا ہے۔ مقررین نے کہا کہ جموںو کشمیر کے عوام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ وہ حتمی طوپر اپنا سیاسی مستقبل پاکستان کے ساتھ جوڑ سکیں۔ ریلی کے شرکا ء نے گھڑی پن چوک سے برہان وانی شہید چوک تک مارچ کیا۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمدغزالی،انٹر نیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام،معروف عالم دین عبدالعزیز علوی، عثمان علی ہاشم، بلال احمد فاروقی، محمد اقبال اعوان،علی محمد بٹ،چوہدری محمد اسماعیل،راجہ زخیر خان،محمد اسماعیل خان،اسلم اعوان ،ڈاکٹر محمد منظور،چوہدری محمد ریاض، راجہ ظہیر خان،ریاض احمد اعوان اورفیضان ریاست نے کی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button