بھارت مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک آزادی کشمیرکو دبا نہیں سکتا: حریت رہنما
سرینگر 30مئی(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے بھارت کے ہاتھوں آئے روز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پرشدید تشویش کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مولوی بشیراحمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھار ت گزشتہ74سال سے اپنی تمام تر طاقت کے استعمال ، قتل و غارت ،مار دھاڑ اور پکڑ دھکڑ کے باجود کشمیریوں کے عزم کو نہیں توڑ سکا اورنہ مستقبل میں کشمیریوں کو مرعوب کر سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کشمیریوںکے جذبہ حریت کو کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا اور وہ بھارت سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مولوی بشیر احمد عرفانی نے بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت کو اس طرح کے توہین آمیز بیان پر امت مسلمہ سے معافی مانگنی چاہیے۔اسلامی تعاون تنظیم کے ترجمان نے بھی بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قراردیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ اس سے نہ صرف بھارتی مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کے دل مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے نوپور شرما کو فوری طوپر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
دریں اثناء حریت رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمتی تحریک جاری رکھنے پر بہادر کشمیری عوام کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے تمام وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آزادی کے مطالبے پر مضبوطی سے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت پابندیوں کے باوجود کشمیری نوجوانوں نے حال ہی میں سرینگر میں سڑکوں پر آ کر بھارت کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور اس کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شوپیاں سے تعلق رکھنے والی دو خواتین نیلوفر اور آسیہ کو ان کے13ویں یوم شہادت پربھرپور خراج عقیدت پیش کیا جنہیں بھارتی فورسز نے زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کیاتھا۔ انہوں نے حال ہی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ادھر مسلم لیگ جموں کشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ یاسین ملک کو جھوٹے اور فرضی کیسوں میں سزا سنائے جانے کے خلاف کشمیری عوام نے پرامن احتجاج کر کے دنیا پر واضح کیا کہ ہم جمہوری اصولوں پراور پرامن طریقے سے اپنی مبنی برحق جدوجہد جاری وساری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محمدیاسین ملک کو سزا سنانے کے خلاف شہر سرینگر اور وادی کے طول وارض میں جو پر امن احتجاج کیاگیا اس سے بھارت اور دنیا پر واضح ہوگیاکہ کشمیری عوام کسی بھی صورت اپنی مبنی برحق جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے اس جذبہ حریت کو دبانے کے لئے ایک بار پھر سرینگر اور وادی کے طول و ارض میں نہ صرف گرفتاریاں شروع کیں بلکہ بندوق کی نوک پر حریت پسند عوام کو خاموش کرانے کی ناکام کوششیں شروع کیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے سے روکے اور یاسین ملک سمیت تمام نظربندکشمیریوں کو رہاکرانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، الطاف احمد شاہ،ایاز اکبر ،پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، خرم پرویز، محمد یوسف میر، محمد رفیق گنائی، شوکت حکیم، معراج الدین نندا، اسداللہ پرے، محمد حیات بٹ، مولوی سجاد، ناہیدہ نصرین ،فہمیدہ صوفی، محمد یوسف فلاحی، فیروز احمد ڈار، عادل زرگر اوردیگر شامل ہیں۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد حسین خطیب،محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ،مشتاق احمد زرگر اور خواجہ نعیم الحسن نے بھارتی کینگرو عدالت کی طرف سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میںعمر قید کی سزا سنائے جانے کی شدیدمذمت کی ہے ۔انہوں نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں مقبوضہ جموںو کشمیر میںبھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بھارتی جیلوں میںنظربند حریت رہنمائوں ، کارکنوں اوربے گناہ نوجوانوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہارکیا۔