یاسین ملک کوعمرقید کی سزاسنائے جانے کے خلاف شکاگو میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
شکاگو04جون(کے ایم ایس) بھارتی عدالت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کوعمرقید کی سزا سنائے جانے کے خلا ف امریکہ کے شہر شکاگو میں کشمیریوں اور سکھوں نے بھارتی قونصل خانے کے سامنے مشترکہ طورپر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری اور سکھ برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی۔ شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے مذموم ہتھکنڈوں اور اقلیتوں کی نسل کشی کے خلاف نعرے درج تھے۔مقررین نے اس موقع پر کہا کہ یاسین ملک کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور اپنے لوگوں کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کومنصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم کرنے اورانہیں سزاسنائے جانے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دیا جانا چاہیے۔انہوں نے یورپی یونین پر بھی زور دیا کہ وہ مودی کی فسطائی حکومت کے خلاف کارروائی کرے۔شرکا ء نے تنازعہ جموںوکشمیر اور خالصتان کا مسئلہ حل ہونے تک ا پنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔