مقبوضہ وادی کشمیر : مختلف ملکوں سے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی آمد شروع

سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سردیوں کے آغاز کیساتھ ہی مختلف ملکوں سے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی یہاں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے درجہ حرارت میں کمی آئے گی ، مہمان پرندوں کی آمد بھی بڑھتی چلی جائے گی۔ یہ پرندے وادی کشمیر کی جھیلوں اور دیگر آبی ذخائر میں تقریباً پانچ ماہ تک قیام کرتے ہیںاور یہاں کی خوبصورتی اور حیاتیاتی تنوع میں اضافہ کرتے ہیں۔ سائبیریا ، چین اور مشرق یورپ سے پرندوں کی90سے زائد اقسام وادی میں آتی ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف کے حکام کا کہنا ہے کہ وادی کی جھیلوںاور دیگر آبی ذخائر ان پرندوں کے لیے مثالی مسکن بن گئے ہیں۔ اس سال کی ابتدائی آمد میں بلیک ہیڈڈ گل، ٹفٹیڈ ڈک، برہمنی بطخ، اور ناردرن پنٹیل شامل ہیں ۔
گزشتہ برس دس لاکھ سے زائد پرندوں نے وادی کشمیر کے آبی ذخائر کا رخ کیا تھا۔ حکام توقع کررہے ہیں کہ امسال بھی اتنی ہی تعداد میں پرندوں کی آمد متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا کہ یہ پرندے اکتوبر کے آخری ہفتے میں وادی میں اپنی آمد شروع کر دیتے ہیں ، سائبریا، چین ، جاپان اور قطب شمالی کے دیگر ملکوں میں منجمند درجہ حرارت کے برعکس وادی میں ان پرندوں کو بہتر موسم میسر ہوتا ہے۔






