بھارت

بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے،بی جے پی عہدیداروںکے توہین آمیز بیانات کی شدید مذمت کی گئی

اسلام آباد 06جون(کے ایم ایس)
اسلام آباد میں بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور حضرت محمد ۖ خاتم النبیین کے بارے میں بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے انتہائی توہین آمیز بیانات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد اور اس کی سخت مذمت کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ بی جے پی قیادت کے یہ بیانات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور ان سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات بُری طرح مجروح ہوئے ہیں۔بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ پاکستان بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی طرف سے اِن عہدیداروں کے خلاف تاخیری اور برائے نام انضباطی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے جن سے مسلمانوں کو پہنچنے والے دلی صدمے کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔ان کو یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نسلی تشدد اور نفرت میں خطرناک اضافے پر گہری تشویش ہے۔پاکستان نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، خصوصاً انسانی حقوق کے اداروں سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ معاملے کا نوٹس لے اور بھارت میں ”ہندوتوا” سے متاثر اسلام مخالف پروپیگنڈے میں خطرناک اضافے کو روکے اور ملک میں اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے بھارتی حکام پر دبائو ڈالے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button