مقبوضہ کشمیر : قتل کے حالیہ واقعات کی وجہ سے پنڈت برادری شدید خوف میں مبتلا ہے ، محبوبہ مفتی
سرینگر09 جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مقبوضہ علاقے میں قتل کے حالیہ واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ وادی کشمیرمیں لوگ خصوصا پنڈت برادری شدید خوف میں مبتلا ہے ۔
محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قتل کے حالیہ واقعات کی وجہ سے عام کشمیریوں خصوصا پنڈت برادری خوف میں مبتلا ہے اور اسی ڈر کی وجہ ہے کہ گاندربل کے علاقے تولہ مولہ میں سالانہ کھیر بھوانی میلے میں عقیدت مندوں کی کم تعداد شرکت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے خوف میں مبتلا پنڈتوں کو ٹرانزٹ کیمپوں میں بند کردیا ہے ۔حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان کی طرف سے حضرت محمد ۖ خاتم النبیین کی شان میں گستاخی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کی ترجمان کی طرف سے توہین رسالت کے ارتکاب سے پوری امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ۖکے خلاف نازیبا الفاظ کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا ہے لیکن گزشتہ کئی برسوں سے بی جے پی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ایک ماحول تیار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی پارٹی ترجمان کے خلاف مسلمان ممالک کی طرف سے شدید غم و غصے کے اظہار اوربھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے تک کوئی کارروائی نہیں کی تھی ۔مقبوضہ علاقے میں انتخابات کے بارے میں سوال کے جواب میں سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی ہمیشہ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ہمیشہ تیار ہوتی ہے۔