بھارت اور پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کریں،میر واعظ عمر فاروق
سرینگر14 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کیلئے سمرقند جارہے ہیں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کو دیرینہ تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کے حل کیلئے بات کرنی چاہیے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گھر میں غیر قانونی طورپر مسلسل نظربند میر واعظ عمر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ تنازعہ کشمیر کے تمام فریقوں بھارت ، پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے ہی اس دیرینہ تنازعہ کا پائیدار حل تلاش کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 5 اگست 2019کو بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد سے مقبوضہ علاقے کی صورتحال انتہائی سنگین ہے ۔انہوں نے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان دونوں پر زور دیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کریں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بھارت جموںوکشمیر میں غیر قانونی اقدامات کے ذریعے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے طاقت کاوحشیانہ استعمال کررہا ہے اور یہ سلسلہ اب بند کیاجانا چاہیے ۔میر واعظ نے بیان میں جموںوکشمیر سمیت بھارت کی مختلف جیلوں میں قید تمام سیاسی قیدیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں ، کشمیری نوجوانوں اور صحافیوں کی رہائی کا بھی اپنا مطالبہ دہرایا ۔ واضح رہے کہ میر واعظ عمر فاروق 4اگست2019سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں ۔