مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں
سرینگر18جون (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے آج مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے آج مسلسل پانچویں روز بھی ضلع کولگام کے علاقے مشی پورہ میں تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ فورسز کے اہلکاروں نے مشی پورہ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر رکھا ہے جس سے مقامی لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے اور علاقے میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہواہے۔فوجیوں نے سرینگر ، اسلام آباد ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پور ، بڈگام ، کشتواڑ ، ڈوڈہ ، پونچھ اور راجوری اضلاع میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ ضلع پلوامہ میں بھارتی پولیس کے ایک اہلکار کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہونے کے بعد فوجیوں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں کیں۔فوجی کارروائیوں کے دوران فورسز کے اہلکاروں نے نوجوانوں کو ہراساں کیا اور انہیں قریبی پولیس اسٹیشنوں اورفوجی کیمپوں میں حاضر ہونے کے لئے کہا۔