بھارت: محمد زبیر کی گرفتاری کیخلاف اپوریشن جماعتوں کا شدید احتجاج
نئی دلی29 جون (کے ایم ایس)نئی دلی پولیس کی طرف سے ”آلٹ نیوز “ کے شریک بانی محمد زبیر کی گرفتاری کے خلاف اپوریشن جماعتوں کے کئی رہنماﺅں کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس اور کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسسٹ) سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماﺅں نے محمد زبیر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی نفرت اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والا ہر شخص اس جماعت کیلئے خطرہ ہے ۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سچ کی ایک آواز کو گرفتار کرنے سے ایک ہزار اور پیدا ہونگے ، ظلم پر ہمیشہ سچ کی فتح ہوتی ہے۔ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے ایک ٹویٹ میں محمد زبیر کی گرفتاری کے حوالے سے بی جے پی حکومت اور دلی پولیس کی کارروائی پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوںنے زبیر کی گرفتاری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے ایک شعر بھی لکھا ہے”نفرتوں کی جنگ میں دیکھو تو کیا کیا کھو گیا،سبزیان ہندو ہوئیں ، بکرا مسلمان ہو گیا“۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین( اے آئی ایم ا ٓئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی محمد زبیر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس مسلمانوں کے خلاف قتل عام کا نعرہ لگانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔