بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو بدنام کرنے کے لیے جعلی مقابلوں کا ڈرامہ رچا تا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر29 جون (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیری جوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھا کر کنٹرول لائن کے نزدیکی علاقوں میں لے جاتے ہیں اور جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کے بعد انہیں غیر ملکی عسکریت پسند قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دو نوجوانوں کو کپواڑہ کے علاقے کیرن میںاسی انداز میں شہید کیا گیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ 2000 کا پتھری بل فرضی مقابلہ، 2010 کا مژھل جعلی مقالبہ، 2020 کا شوپیاں فرضی مقالبہ اور 2020 کا لاوے پورہ جعلی مقالبہ کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے بھارت کی طرف سے استعمال کیے جانے والے مذموم ہتھکنڈوں کی واضح مثالیں ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے کشمیری نوجوانوں کو روز قتل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کا قتل اور ان کی املاک کو تباہ کرنا بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ ہے تاکہ کشمیری عوام میں خوف کا احساس پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ہرگزکامیاب نہیں ہو گا۔
ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جبر و استبداد کی وحشیانہ بھارتی مہم کو روکنے کے لیے آگے آئے اور مقبوضہ میں مظالم کیلئے بھارت کوجوابدہ ٹھہرائے۔