میر واعظ عمر فاروق کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہ دیناانتہائی قابل مذمت ہے، انجمن اوقاف جامع مسجد
سرینگر18 نومبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی اورانہیں ایک بار پھر جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہ دینے پرسخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔
انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ میر واعظ عمر فاروق کو آج بھی نماز جمعہ کیلئے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کی مسلسل غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی کے سبب کشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ اور دعوت و تبلیغ کا عظیم مرکز جامع مسجد سرینگر کے منبر و محراب مسلسل خاموش ہیں جس کی وجہ سے کشمیری سماج اور معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور اصلاح معاشرہ کی ہمہ جہت مہم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انجمن اوقاف نے کہاکہ میر واعظ کی گزشتہ تین برس سے زائد عرصے سے نظر بندی عوام کیلئے انتہائی دکھ اور تکلیف کا باعث ہے لہذا انتظامیہ انکی فوری رہائی عمل میں لائے تاکہ وہ اپنے دینی فرائض انجام دے سکیں۔