بھارتی فوجیوں نے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے واقعات میں اضافہ کر دیا ہے ، محمود احمد ساغر
اسلام آباد05جولائی (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہادکارروائیوں کے دوران نہتے کشمیری نوجوانوں کے قتل کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری یک بیان میں 8جولائی کومعروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھیوں کے یوم شہادت کو یوم مزاحمت کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ
بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی ریاستی دہشتگردی میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اور قابض فوجی معصوم اور بے گناہ نوجوانوں کو مسلسل قتل کررہے ہیں جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ محمود احمد ساغر نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر حل کرے۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر نے کہاکہ بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کزلئے مسلمانوں کی نسل کشی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے پہرے کے باوجود حریت پسند قیادت اور عوام کا مشن آزادی جاری ہے ۔ بھارت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں بشمول حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، میر واعظ عمر فاروق،آسیہ اندرابی اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو گھروں اور حراستی مراکز میں نظربندکر رکھا ہے جبکہ جموں و کشمیر دنیا کی ایک بڑی انسانی جیل بن چکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے اورتنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق حل کیاجاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام قائم ہو گا ۔ محمود احمد ساغر نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں۔