سرینگر: قابض بھارتی انتظامیہ نے مسلمانوں کو جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی
سرینگر 08جولائی(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج ج دنیا بھر کے لاکھوں حجاج کرام مکہ مکرمہ کے میدان عرفات میں اللہ کے حضور سربسجود ہےں مقبوضہ علاقے میں انتظامیہ نے مسلمانوں کوایک مرتبہ پھر سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
انجمن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آج علی الصبح مجسٹریٹ اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے جامع مسجد آکر انجمن کے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ آج بھی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔بیان میں جامع مسجد کو جمعہ کیلئے بار بار بند کرنے کے قابض بھارتی انتظامیہ کے عمل کو انتہائی آمرانہ قرار دیا گیا۔
دریں اثنا متحدہ مجلس علما کے ایک اجلاس میں پاس کی گئی قرارداد کی عوامی تائید کیلئے وادی بھر کی بڑی بڑی مساجد ، خانقاہوں، امام بارگاہوں میںعلمائ، خطباءاور ائمہ حضرات نے جامع مسجد سرینگر کو ایک بار پھر نماز جمعہ کیلئے بند کرنے اور اور مجلس کے سرپرست اعلیٰ میرواعظ محمد عمر فاروق کی گھر میں مسلسل نظر بندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔ انہوں نے میر واعظ کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔