مقبوضہ جموں و کشمیر

تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے موثر سفارتی مہم کی ضرورت ہے: صدر آزاد کشمیر

 

sultan3

اسلام آباد 16جولائی (کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی سطح پر موثرسفارتی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کشمیری سکینڈے نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیلجیم اور یورپی پارلیمنٹ میں کشمیری قیادت تنازعہ کشمیر کو اجاگرکرکے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری تشدد اور خونریزی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے بھرپور سفارتی اور سیاسی مہم چلانے کے عزم کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانا آزاد کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کشمیر کاز کے لئے کشمیر اسکینڈینیوین کونسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور برصغیر میں پائیدار امن کے لیے اس کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے عزم اور ان کی جدوجہد آزادی کی آواز کو توڑنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر لا کر اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرا کے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد دے۔ صدر نے کہا کہ آزاد کشمیر حقیقی معنوں میں جدوجہد آزادی کا ایک بیس کیمپ ہے جہاں سے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی سطح پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے ایک مضبوط اور موثر سفارتی مہم چلائی جا رہی ہے۔ ملاقات کے دوران سردار علی شاہنواز خان نے بیرسٹر سلطان محمود کو ناروے کی پارلیمنٹ میں تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اٹھانے میں کشمیر سکینڈے نیوین کونسل کے کردار سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ناروے کی حکومت بھی مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جو کہ ایک اہم اور قابل تحسین پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروے نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے۔علی شاہنوازخان نے آزاد کشمیر کے صدر پر زور دیا کہ وہ یورپ اور امریکہ کا دورہ کریں تاکہ وہاں کی کشمیری قیادت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے متحرک کیا جا سکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button