بھارت

کلاسیکل تامل انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ ، ویب سائٹ سے ہندی الفاظ ہٹانے کا مطالبہ

چنئی 18جولائی(کے ایم ایس ) بھارتی ریاست تامل ناڈو کی ایک سیاسی جماعت اور طاقتور ونییار برادری کی سیاسی ونگ پٹالی مکل کچی (پی ایم کے) نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاست کے شہر پیرومبکم میںسنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تامل (CICT)کے بورڈ سے ہندی تحریرکو فوری طور پر ہٹادے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پٹالی مکل کچی کے بانی رہنما ڈاکٹر ایس رامدوس نے کہا کہ بورڈ پر ادارے کا نام تامل اور انگریزی کے ساتھ ساتھ ہندی میں بھی لکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ ادارے کا مقصد تامل زبان میں تحقیق کرنا ہے اور ادارے کے بورڈ پر ہندی لکھا ہواہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت کا افتتاح بھارتی وزیر اعظم مودی نے کیا تھا اور اس سے قبل جب یہ ادارہ ترامنی سے کام کرتاتھا توادارے کے بورڈ پر صرف تامل اور انگریزی تحریر تھی۔پی ایم کے رہنما نے سی آئی سی ٹی کی ویب سائٹ پر بھی ہندی الفاظ ہونے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندی مسلط کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ سی آئی سی ٹی حکومت ہند کا ایک ادارہ ہے تاہم اس کے زیادہ تر کام کاج کا انحصار ریاستی حکومت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ قابل قبول نہیں ہے کہ اس طرح کے ادارے کے بورڈ پر ہندی تحریر ہو۔رامدوس نے ریاستی وزیر اعلی سے اس معاملے پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور پوچھا کہ کیا ہندی نام رکھنے کے لیے وزیر اعلی سے منظوری لی گئی تھی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button