نوپور شرما کا گرفتاری سے بچنے کے لیے دوربارہ سپریم کورٹ سے رجوع
نئی دلی 18جولائی(کے ایم ایس)
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما نے پیغمبر اسلامۖ کے بارے میں اپنے توہین آمیز بیان پر انکے خلاف درج مقدمات میں گرفتاری سے بچنے کیلئے سپریم کورٹ میں اپنی درخواست پر نظرثانی کی درخواست دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے سپریم کورٹ سے ان کے خلاف درج 9 مقدمات میں گرفتاری پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔نوپور شرما نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے غیر متوقع اور سخت تنقید کے بعد ان کی زندگی کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے اور انہیں ریپ کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ دہلی میں سب سے پہلے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی اس کے بعد دیگر مقامات پر انکے خلاف نو مقدمات قائم کئے گئے لہذاسب کو اکٹھا کردیاجانا چاہیے ۔اس سے قبل یکم جولائی کو سپریم کورٹ نے نوپور شرما کو پیغمبر اسلام ۖکے بارے میں مبینہ ریمارکس کے معاملے میں ان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کی سخت سرزنش کی تھی۔