خالد سیفی کو جیل میں علاج ومعالجے سے محروم رکھا جا رہا ہے: نرگس سیفی
نئی دہلی 24جولائی(کے ایم ایس)بھارت میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے کارکن اور دہلی فسادات کے ملزم خالد سیفی کی اہلیہ نرگس سیفی نے اپنے شوہرکو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خالد سیفی اس وقت نئی دہلی کی منڈولی جیل میں نظربند ہیں۔ نرگس سیفی نے خالد سیفی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر دو ویڈیوز پوسٹ کیں اور کہا کہ انہیں اپنے شوہر سیفی کا فون آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ ویڈیوز میں خاتون روتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ انہیں سیفی کا فون آیا جس نے کہا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ ان کا بلڈ شوگر 400ہے۔ انہیں بلڈ پریشر کا مسئلہ اور بخار بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے شوہر کو جیل میں مناسب علاج نہیں مل رہا ہے۔ ان کا کہناہے کہ ان کے شوہر کی بلڈ شوگر تیزی سے بڑھ رہی ہے اور وہ گزشتہ چند دنوں سے علیل ہیں ۔ اسکے باوجود انہیں طبی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔